افغان دارالحکومت کابل ایک بار پھر دھماکوں سےگونج اٹھا
افغان دارالحکومت کابل ایک بار پھر دھماکوں سےگونج اٹھا، جس کے نتیجے میں افغان پولیس کے دو اہلکار جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے۔
کابل میں مختلف مقامات پر یکے بعد دیگرے تین دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا۔
دھماکوں میں سیکیورٹی فورسز سمیت عام شہریوں کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
دھماکوں کے نتیجے میں افغان پولیس کے دو اہلکار ہلاک جبکہ تین اہلکار زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے تینوں علاقوں کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرلیے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق تینوں دھماکوں میں ٹائم ڈیوائس استعمال کی گئی۔
پولیس ترجمان فردوس فرامارز کے مطابق کابل کے ضلع وسطی میں سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں موبائل مکمل تباہ ہوگئی۔انہوں نے دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق بھی کی ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق کابل کے ضلع جنوبی میں ہونے والے دھماکے میں بھی پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوئے۔ دارالحکومت کے مصروف شہر میں ہونے والے تیسرے بم دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ دسمبر میں افغانستان کے دارالحکومت سمیت دیگر صوبوں میں دہشت گردی کے واقعات میں تیزی دیکھی گئی، مسلح گروپ نے راکٹ اور بارودی مواد کا استعمال کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز، ڈاکٹر اور صحافیوں سمیت انسانی حقوق کے لیے سرگرم شخصیات کو نشانہ بنایا۔
افغان میڈیا رپورٹ کے مطابق کابل میں ہونے والے متعدد حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔
source https://latestpakistannews.com/%d8%a7%d9%81%d8%ba%d8%a7%d9%86-%d8%af%d8%a7%d8%b1%d8%a7%d9%84%d8%ad%da%a9%d9%88%d9%85%d8%aa-%da%a9%d8%a7%d8%a8%d9%84-%d8%a7%db%8c%da%a9-%d8%a8%d8%a7%d8%b1-%d9%be%da%be%d8%b1-%d8%af%da%be%d9%85%d8%a7/
Comments
Post a Comment